سکھر (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے پولیس ریکروٹ ٹریننگ سینٹر (RTC) خیرپور میں 29ویں لوئر سکول کورس کی گریجویشن پاسنگ آؤٹ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر ایس ایس پی خیرپور میرس حسن سردار نیازی اور وائس پرنسپل ڈی ایس پی سیف اللہ پھلپوٹو نے مہمان خصوصی کا والہانہ استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، جنرل سلامی اور قومی ترانہ پیش کرنے سے کیا گیا۔

پولیس ریکروٹ ٹریننگ سینٹر خیرپور میں پاس آؤٹ ہونے والے 81 ریکروٹس نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ پرنسپل (RTC) خیرپور نے ڈی آئی جی سکھر کو سندھی ثقافت کی ٹوپی، اجرک اور شیلڈ کے تحائف پیش کیے۔

اپنے خطاب میں ڈی آئی جی سکھر رینج نے کہا کہ نئے پاس آؤٹ ہونے والے پولیس اہلکار عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری کو فرض سمجھ کر انجام دیں، جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھیں، اور پولیس محکمہ کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ روڈ پر ڈیوٹی پر کھڑا ہر کانسٹیبل محکمہ پولیس کا آئینہ ہوتا ہے، لہذا ہر جوان اپنے ضلع میں عوام کی حفاظت کے لیے بھرپور کردار ادا کرے اور شہریوں کے ساتھ اخلاقی انداز میں پیش آئے۔ انہوں نے شہدا پولیس کی قربانیوں کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

اس موقع پر لوئر اسکول کورس کے دوران فزیکل، ڈرل، مسکٹری اور فائرنگ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو سی سی سیکنڈ تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔

Shares: