اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اوکاڑہ میں گندم کی کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، الیگی رہنما راؤ محمد اجمل، محکمہ زراعت کے افسران اور کسانوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر زراعت ساہیوال محمد شہباز نے گندم کی موجودہ صورتحال اور محکمہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب میں رواں سیزن میں گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے اور ساہیوال ڈویژن میں اس ہدف کو 5 دسمبر تک یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے اور بوائی کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے 9 لاکھ روپے فی سپر سیڈر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور پہلی دفعہ ربیع سیزن میں کھادیں مقررہ نرخوں سے کم قیمت پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت کی جائے اور محکمہ زراعت کو کسانوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں گندم کے پیداواری مقابلوں کا بھی اعلان کیا گیا۔ صوبائی سطح پر اول، دوم اور سوم انعام کے طور پر بالترتیب 85، 75 اور 60 ہارس پاور کے ٹریکٹرز دیے جائیں گے۔ ضلعی سطح پر پہلے، دوسرے اور تیسرے انعام کے طور پر بالترتیب 10 لاکھ، 8 لاکھ اور 5 لاکھ روپے نقد انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔








