بھارت میں ایک آن لائن بائیک رائیڈر کے بینک اکاؤنٹ سے 331 کروڑ 36 لاکھ روپے کی حیران کن ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں، جن میں سے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم اُدے پور میں ہونے والی ایک شاہانہ شادی پر خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران معلوم کیا کہ یہ مشکوک ٹرانزیکشنز مختلف بے نامی ذرائع سے رائیڈر کے اکاؤنٹ میں آئیں اور تقریباً اسی رفتار سے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل بھی ہوتی رہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ پرتعیش شادی گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی اور اس کا تعلق گجرات کے نوجوان سیاسی رہنما آدتیہ زولا سے جوڑا جا رہا ہے، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ بائیک رائیڈر کا نہ تو دلہا سے کوئی تعلق تھا اور نہ دلہن سے۔
تحقیقات میں سامنے آیا کہ اگست 2024 سے اپریل 2025 کے دوران رائیڈر کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے جمع کیے گئے۔ حکام کے مطابق یہ اکاؤنٹ ایک "میول” کے طور پر استعمال ہوا، یعنی ایسے تھرڈ پارٹی اکاؤنٹ کے طور پر جو اصل پیسے کے ذرائع چھپانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ای ڈی نے ایک ٹرانزیکشن کے سراغ کے ذریعے انکشاف کیا کہ رقم کا تعلق غیر قانونی بیٹنگ آپریشن سے جڑے ایک اکاؤنٹ سے بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیٹنگ نیٹ ورک کی خطیر رقم مختلف تقاریب اور ذاتی اخراجات میں استعمال کی گئی۔
افسران اس بات پر حیران ہیں کہ معمولی آمدنی والا ایک رائیڈر اتنی بڑی رقوم کی نقل و حرکت کے باوجود بینکوں، ٹیکس حکام اور پولیس کی نظر سے کیسے اوجھل رہا؟ کس نے اس کے اکاؤنٹ تک رسائی رکھی اور یہ خطیر رقم کس نے استعمال کی؟ کیا اُدے پور کی یہ شادی واقعی بیٹنگ ریکٹ کی رقم سے فنڈ کی گئی؟
فیکٹ چیک،تاجکستان ڈرون حملہ،سوشل میڈیا پر افغان،بھارتی اکاؤنٹس کے پروپیگنڈے کی حقیقت
سندھ میں نجی اسکولوں پر مخصوص جیکٹ کی پابندی ختم







