بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیان پر سکھ کمیونٹی نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کینیڈا میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان اور خالصتان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ بھارتی حکومت خصوصاً وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔

مظاہرے میں شریک سکھ رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ راج ناتھ سنگھ کا صوبہ سندھ سے متعلق بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور بھارت کو اپنی داخلی صورتحال کی فکر کرنی چاہیے، جہاں مختلف ریاستوں میں علیحدگی پسندی کے جذبات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی طور پر شدید سیاسی و سماجی تقسیم کا شکار ہے اور اگر اسی طرزِ حکمرانی کو جاری رکھا گیا تو وہ “جلد کئی حصوں میں بٹ جائے گا۔”سکھ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب میں آزادی کی تحریک ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور جلد یا بدیر یہ خطہ بھارت سے الگ ہو کر آزاد خالصتان کی شکل اختیار کرے گا۔ مقررین نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت مذہبی اقلیتوں کے حقوق سلب کر رہی ہے، جو اس خطے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور علیحدگی کے جذبات کی اصل وجہ ہے۔

مظاہرے کے دوران شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر خالصتان کے قیام اور بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے ہائی کمیشن کے اطراف اضافی نفری تعینات کر کے مظاہرے کی نگرانی کی، تاہم احتجاج پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔

Shares: