گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنیر خیبرپختونخوا کے رہائشی شہری گل سید ولد جان سید کو اغواء ہونے سے بچا لیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایت پر پولیس پکٹنگ اور گشت میں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں یہ اہم کارروائی عمل میں آئی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کھمبڑا ظہیر حسین بھٹو بمعہ پولیس ٹیم دورانِ چیکنگ موجود تھے۔ پولیس نے مشکوک صورتحال پر شہری سے پوچھ گچھ کی، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ گل سید کو چند روز سے نامعلوم نمبروں سے ایک عورت “ثمینہ” کے نام پر کالز آرہی تھیں، جو اسے شادی کا جھانسہ دے رہی تھی۔
گل سید نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی نے اسے دوستی اور شادی کے وعدوں میں الجھا کر کچے کے علاقے میں بلایا تھا، جہاں اسے اغواء کیے جانے کا منصوبہ تیار تھا۔ پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ممکنہ اغواء کو ناکام بنادیا۔
گل سید نے اپنی جان بچانے پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران اور پورے پولیس عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
گھوٹکی پولیس نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کے لیے شاباشی کا اعلان بھی کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔








