ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)دانش سکول سینٹر آف ایکسیلینس ننکانہ صاحب میں سالانہ سپورٹس ایونٹ 2025 نہایت شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی اے ڈی سی جی شاہد کھوکر جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی او فراز احمد تھے۔

مہمانانِ خصوصی نے تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی لگن، نظم و ضبط اور اعلیٰ کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس نہ صرف جسمانی مضبوطی کا ذریعہ ہے بلکہ اخلاقیات، قیادت، خود اعتمادی اور ٹیم ورک کو بھی فروغ دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان نے دانش اسکولوں کے قیام کو قومی سطح پر ترجیح دی۔

ایونٹ میں بیڈمنٹن، فٹبال، کرکٹ، ہاکی، ایتھلیٹکس اور 400 میٹر ریس سمیت مختلف مقابلے شامل تھے۔ اختتامی تقریب میں ڈی پی او فراز احمد نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ ایسے ادارے ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش سکول کا ڈسپلن اور بچوں کی کردار سازی صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ڈرائیونگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر بھی بتائیں اور اعلان کیا کہ بچوں کے لیے موبائل لائسنس وین اسکول میں فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں سہولت مل سکے۔

تقریب کے آخر میں دانش سکول کے پرنسپل کرنل (ر) محی الدین نے مہمانانِ خصوصی، بالخصوص صدر پریس کلب ڈسٹرکٹ ننکانہ شیخ آصف اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پریس کلب کی جانب سے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو کیش انعامات بھی دیے گئے۔

پرنسپل نے کہا کہ دانش سکول کا ویژن ہے کہ صحت مند سرگرمیوں اور بہترین تعلیم کے ذریعے بچوں کو معاشرے کا فعال اور باکردار فرد بنایا جائے۔

Shares: