اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)پنجاب حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال کا قانون عملی طور پر نافذ ہوتے ہی اوچ شریف میں ہیلمٹ کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہری قانون کے مطابق ہیلمٹ خریدنے بازاروں کا رُخ کر رہے ہیں، مگر دکان داروں نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عام معیار کے ہیلمٹ، جو چند روز قبل 800 سے 1000 روپے میں دستیاب تھے، اب 3500 سے 4000 روپے میں بلیک پر فروخت ہو رہے ہیں۔ متعدد دکانداروں نے نہ صرف قیمتیں بڑھا دی ہیں بلکہ اسٹاک بھی چھپا دیا ہے، جس سے مصنوعی قلت پیدا ہو کر شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ”قانون نافذ ہونا اچھی بات ہے لیکن عوام کی جیبیں خالی کر کے نہیں۔”
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، جرمانے کیے جائیں اور دکانیں سیل کی جائیں تاکہ عام آدمی بھی مقررہ قیمت پر ہیلمٹ خرید سکے۔

عوامی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ قانون پر سختی سے عمل کرانے کے ساتھ ساتھ ریلیف اقدامات بھی کیے جائیں، ورنہ بلیک مارکیٹ اور بے تحاشہ مہنگائی شہریوں کے لیے مزید مسائل پیدا کر دے گی۔









