وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق بین الاقوامی میگزین فوربز نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کے مالیاتی ٹیکنالوجی سیکٹر میں شاندار پیشرفت اور سرمایہ کاری کے تیزی سے بڑھتے رجحان کو اجاگر کیا ہے۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق فوربز کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 2024 میں پاکستان کے فن ٹیک شعبے میں سرمایہ کاری دوگنی ہوگئی جو بڑھ کر 26.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، اس سے قبل 2023 میں یہ سرمایہ کاری صرف 12.5 ملین ڈالر رہی تھی،2025 کے پہلے 6 ماہ میں سرمایہ کاری مزید بڑھ کر 52.5 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو فن ٹیک سیکٹر کی تیز رفتار ترقی کی نشاندہی کرتا ہے، حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈے نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم کیا ہے جب کہ پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کے تحت ایکویٹی فری گرانٹس کا اجراء سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان میں ٹیک بیسڈ معیشت کی جانب بڑھتے ہوئے سفر نے اسٹارٹ اپ سیکٹر میں مثبت تبدیلیوں کو جنم دیا ہے اور یہ تمام پیش رفتیں ایک جدید، مضبوط اور ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل کے حکومتی وژن کو مزید تقویت دے رہی ہیں۔

Shares: