اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے ماہ نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان پولیس کے مطابق دورانِ ماہ مختلف وارداتوں میں ملوث 11 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، جب کہ 32 ملزمان گرفتار ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 5 لاکھ 13 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔

اسلحہ برآمدگی میں ملزمان سے 64 پسٹل، 3 رائفلیں، 1 ریوالور، 5 بندوقیں اور 217 گولیاں ضبط کی گئیں۔
منشیات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی اور 160 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان سے 138 کلو چرس، 2750 گرام آئس، 2023 لیٹر شراب، 295 لیٹر لہن اور 7 چالو بھٹیاں برآمد کی گئیں۔

اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف آپریشن میں 261 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، جن میں 74 اے کیٹیگری اور 261 بی کیٹیگری کے اشتہاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 55 عدالتی مفروران اور 25 ٹارگیٹڈ آفینڈرز کو بھی حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق شہر بھر میں ایس او ایس ناکوں کی نگرانی، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز اور کرائم پاکٹس میں مؤثر گشت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، جب کہ جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

Shares: