ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کی زیر نگرانی جاری “کھلی کچری” پروگرام کی تازہ ترین کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق اپریل 2024 سے نومبر 2025 تک شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 30,899 درخواستیں موصول ہوئیں۔ عوامی سہولت کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری نے پولیس اور عوام کے درمیان براہ راست رابطے کو مضبوط بنایا، جس کا عملی ثبوت 76 فیصد عوامی اطمینان کی شرح ہے۔

رپورٹ کے مطابق کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔اپریل 2024 میں 103 درخواستیں موصول ہوئیں،مئی میں یہ تعداد 432 تک جا پہنچی،جون میں 519،جولائی میں 621،اگست میں 703،ستمبر میں 780 اوراکتوبر 2024 میں 898 درخواستیں موصول ہوئیں۔یہ سلسلہ 2025 میں مزید تیز ہوا، جنوری میں تعداد 1,093،اپریل 2025 میں 1,726،مئی میں 2,136،جون میں 2,597اورجولائی میں 2,754 تک پہنچ گئی۔اگست اور ستمبر 2025 میں یہ تعداد مزید بڑھ کر بالترتیب 2,784 اور 3,207 تک جا پہنچی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2025 کے دوران شہر میں ٹی ایل پی کے پُرتشدد احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث کھلی کچہری عارضی طور پر معطل رہیں، جس کے نتیجے میں ایک ماہ کے دوران درخواستوں کی تعداد کم ہو کر 2,667 رہ گئی۔ بعد ازاں معمول کی بحالی کے ساتھ نومبر 2025 میں دوبارہ بڑھ کر 3,003 درخواستیں موصول ہوئیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود شہریوں کے مسائل سنتے ہیں، جبکہ پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر کھلی عدالتوں میں بیٹھ کر لوگوں کے مسائل کے آن اسپاٹ حل کے لیے متحرک ہیں۔ شہریوں نے نہ صرف اپنے مسائل پیش کیے بلکہ شکایات کے فوری ازالے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔روزانہ کی کھلی کچہری پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی بحالی کا اہم ذریعہ بن رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں شہریوں نے اپنی شکایات رجسٹر کروائیں جن میں سے متعدد کے مسائل کو موقع پر ہی حل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Shares: