پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسٹریٹ کرائم اور جائیداد سے متعلق وارداتوں کے حوالے سے ایک اہم رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق جنوری 2022 سے نومبر 2025 تک 15 ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی "کرائم کالز اگینسٹ پراپرٹی” میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
باغی ٹی وی کو موصول لاہور پولیس کے 15 کالز کے ریکارڈ کے مطابق مجموعی طور پر تین سال میں شکایات کی تعداد میں 73 فیصد کمی ہوئی ہے، جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں شہریوں نے جائیداد سے متعلق جرائم، جن میں ڈکیتی، راہزنی، موبائل فون چھیننا، موٹر سائیکل،گاڑی کی چوری و چھیننا اور گھر میں چوری شامل ہے، کے بارے میں 84,529 کالز کیں۔اسی سال مختلف مہینوں میں شکایات میں 3 فیصد سے 15 فیصد تک اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
سال 2023 میں جرائم کی شکایات کا گراف مزید بلند ہوا اور مجموعی تعداد 95,367 تک پہنچ گئی۔یہ سال جرائم میں اضافہ کا سال تصور کیا جا رہا ہے، جب بیشتر مہینوں میں 10 سے 16 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا، خاص طور پر مارچ اور اپریل 2023 میں شکایات کی تعداد 9 ہزار سے بھی اوپر رہی۔رپورٹ کے مطابق 2024 میں جرائم کی شرح میں واضح کمی سامنے آئی۔سال بھر میں موصول ہونے والی کالز کی مجموعی تعداد 64,638 رہی، جو پچھلے سال کی نسبت نمایاں کمی ہے۔اگست 2024 سے مسلسل کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور دسمبر میں شکایات کی تعداد 3,980 تک گر گئی۔چارٹ کے مطابق 2025 میں مجموعی تعداد کم ہو کر 38,727 رہ گئی، جو تین سال میں شکایات کی سب سے کم شرح ہے۔اکتوبر اور نومبر 2025 میں ماہانہ کمی بالترتیب 16 فیصد اور 35 فیصد تک ریکارڈ کی گئی، جو رجحان میں بڑی تبدیلی ظاہر کرتی ہے۔
چارٹ میں بڑی واضح نشاندہی کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ جنوری 2023 سے لے کر نومبر 2025 تک شکایات میں 73 فیصد کمی ہوئی، جو پولیس کے اسٹریٹ پٹرولنگ میں اضافے، ٹریفک کیمروں اور ٹیکنالوجی کے استعمال جیسے اقدامات کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
لاہور، 2025 کے ابتدائی 11 ماہ ، سنگین نوعیت کے جرائم میں کمی
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی کھلی کچہریاں،پولیس پر عوام کا اعتماد بڑھنے لگا
نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران سے پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ کے وفد کی ملاقات
رپورٹ کے مجموعی اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ لاہور میں گزشتہ تین سال کے دوران اسٹریٹ کرائم اور جائیداد سے متعلق وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، اور اگر یہ رجحان برقرار رہا تو مستقبل میں شہر کی سیکیورٹی صورتحال میں مزید بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے۔









