لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے عالمی فروغ کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 7 دسمبر کو لندن میں ایچ بی ایل پی ایس ایل روڈ شو منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ تقریب لندن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں منعقد ہوگی، جہاں عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔پی سی بی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل حکام کے مطابق لیگ میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ ان ٹیموں کی فروخت کے حوالے سے مختلف بین الاقوامی گروپوں سے بات چیت جاری ہے جبکہ برطانوی سرمایہ کار خاص طور پر گہری دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ خریداروں کے سامنے لیگ کا اسٹرکچر، مالیاتی ماڈل اور طویل المدتی حکمت عملی پیش کی جائے گی۔

لندن روڈ شو کا بنیادی مقصد پی ایس ایل کے وژن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا،لیگ کے کمرشل ماڈل کو متعارف کرانا،مستقبل کی حکمت عملی اور توسیعی منصوبوں پر روشنی ڈالنا،بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے،تقریب میں پاکستان سپر لیگ کی موجودہ چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی شرکت بھی متوقع ہے، جس سے ایونٹ کی شوبز اور کرکٹ ویلیو میں مزید اضافہ ہوگا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ لارڈز میں روڈ شو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا”لندن میں پی ایس ایل روڈ شو نہ صرف پاکستان کی کرکٹ برانڈنگ کو بڑھائے گا بلکہ لیگ کی بین الاقوامی اپیل کو بھی وسعت دے گا۔”ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستانی لیگ دنیا بھر میں مضبوط فالوؤنگ رکھتی ہے اور اپنی کمرشل ویلیو کے اعتبار سے تیزی سے ترقی کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا:”دو نئی ٹیموں کے اضافے سے لیگ میں سرمایہ کاروں کے لیے بڑی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے، جو پی ایس ایل کو ایک نئی بلندی تک پہنچائیں گے۔”

روڈ شو میں خصوصی طور پر 30 سپر فینز کو مدعو کیا جائے گا، جنہیں تقریب میں شرکت کا یونیک موقع ملے گا۔ ٹکٹوں کے حصول اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

Shares: