صدر مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ قومی زندگی میں خصوصی افراد کی مکمل شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے خصوصی افراد کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی زندگی میں خصوصی افراد کی مکمل شمولیت حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں اقدامات جاری ہیں،قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، سرٹیفیکیشن اور سماجی تحفظ سے متعلق سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جب کہ خصوصی افراد کے لیے بہتر روزگار اور نقل و حرکت کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے،منصفانہ معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں ہر فرد کو یکساں سہولتیں میسر ہوں اور خصوصی افراد کی راہ میں حائل جسمانی، سماجی اور رویوں پر مبنی رکاوٹیں دور کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدرِ مملکت نے خصوصی افراد کی شناخت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، کاروبار اور ترقی میں ان کی فعال شرکت قومی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

Shares: