اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد آصف کے کم عمر بیٹے کو تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو نوجوان لڑکیوں کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔

عدالتی مجسٹریٹ شائستہ خان کندی نے پولیس کی درخواست پر جسمانی ریمانڈ کا حکم جاری کیا،سیکرٹریٹ پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر ) کے مطابق، یہ حادثہ پیر کی رات دیر گئے اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے ) کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک تیز رفتار سیاہ رنگ کی گاڑی نے پی این سی اے میں کام کرنے والی دو لڑکیوں کو ٹکر مار دی جسے جج کا کم عمر بیٹا چلا رہا تھا،جاں بحق ہونے والی لڑکیاں اسکوٹر پر سوار تھیں جب انہیں گاڑی نے ٹکر ماری، اور وہ مبینہ طور پر موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکر کے بعد گاڑی فوراً موقع سے فرار ہو گئی۔

سب انسپکٹر محمد اصغر کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے گاڑی کا سراغ لگایا اور بعد ازاں ایک نجی اسپتال پہنچے جہاں ملزم کو طبی امداد کے لیے لایا گیا تھا،بعد ازاں اسے حراست میں لے لیا گیا، اس کے طبی اور فرانزک نمونے لیے گئے اور گاڑی کو جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔

Shares: