اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہری و دیہی نوعیت کے مختلف تنازعات، عوامی شکایات اور فوری ریلیف سے متعلق کیسز کی سماعت کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب پروٹیکشن آف اونر شپ آف امووایبل پراپرٹی ایکٹ کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ درخواست گزاروں نے جائیداد کے تنازعات، ناجائز قبضوں، جعلسازی اور دستاویزی مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں، جن پر متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔
افسران نے موقع پر عوامی مسائل سنتے ہوئے متعدد کیسز میں متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ سائلین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور زمین و ملکیت سے متعلق شکایات کے حل میں تاخیر نہ ہونے دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ شہریوں کی ملکیتی جائیداد کے تحفظ کے لیے حکومت نے مؤثر قانون سازی کر دی ہے، اور اس قانون کے تحت ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شکایات کے جلد از جلد ازالے اور کیسز کی شفاف پراسیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، تاکہ عوام کو فوری اور موثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔








