سری لنکا میں ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 کی اختتامی تقریب اس وقت غیر معمولی صورتِ حال کا شکار ہوگئی جب پاکستانی کھلاڑی اور راولپنڈی پولیس کی بہادر انسپکٹر ارم خانم کے گولڈ میڈل جیتنے پر بھارتی خاتون ویٹ فائٹر سپنا کے جذبات قابو میں نہ رہ سکے۔

تقریب کے دوران جیسے ہی انسپکٹر ارم خانم کا نام گولڈ میڈل کے لیے پکارا گیا، پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔ اسی دوران بھارتی پاور لفٹر سپنا واضح طور پر ناخوش دکھائی دی اور اعلان سنتے ہی اسٹیج چھوڑ کر جانے لگیں۔ ان کے اس غیر مناسب رویّے سے تقریب میں موجود کھلاڑی اور آفیشلز حیران رہ گئے۔انتظامیہ نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے بھارتی کھلاڑی کو واپس اسٹیج پر بلایا تاکہ گروپ فوٹو اور اختتامی رسمی کارروائی مکمل کی جاسکے۔ تاہم بھارتی ویٹ فائٹر شکست کی خفت مٹانے میں ناکام رہیں اور تقریب سے بار بار جانے کی کوشش کرتی رہیں، جس سے ایونٹ کا ماحول کچھ دیر کے لیے کشیدہ رہا۔

دوسری جانب پاکستان کی ارم خانم نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں دو گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔ خصوصاً ڈیڈ لفٹ کیٹیگری میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ویٹ لفٹر کو واضح برتری سے شکست دی اور پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔پولیس ڈیپارٹمنٹ اور کھیلوں کے شائقین نے ارم خانم کی اس شاندار کامیابی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ملک بھر میں ان کی اس جیت کو نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز بلکہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔انسپکٹر ارم خانم نے اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستان کا نام بلند کرنا میری سب سے بڑی کامیابی ہے، یہ میڈلز پوری قوم کے نام ہیں۔”

Shares: