ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواداکبر) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی، طلبہ کی حاضری اور سکول میں دستیاب سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔

کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ سے براہِ راست گفتگو کی اور ان کی تعلیمی دلچسپی اور کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط اور اعلیٰ تعلیم کے لیے بھرپور توجہ اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر انہوں نے سکول کے کھیل کے میدان کا بھی دورہ کیا اور طلبہ کے لیے صحت مند جسمانی سرگرمیوں اور کھیلوں کی سہولیات کی اہمیت پر زور دیا۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ طلبہ کی متوازن ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ناگزیر ہے۔

پرنسپل، اساتذہ اور متعلقہ حکام نے کمشنر کو تعلیمی ماحول، درپیش مسائل اور ضروری ترقیاتی امور سے آگاہ کیا۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے تمام مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کی بہتری اور تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔

Shares: