کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی میں واقع ایک گارمنٹ فیکٹری میں پیر کی شام اچانک شدید آتشزدگی بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ چند ہی گھنٹوں میں 3 منزلہ عمارت کا ڈھانچا کمزور پڑ گیا اور بالآخر مکمل طور پر گر کر ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں 2 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر کراچی واٹر کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب کی تاکہ پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سی ای او کی خصوصی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی جبکہ شیرپاٶ ہائیڈرنٹ پر بھی واٹر ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر الرٹ کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر متعدد واٹر ٹینکرز جائے وقوع کی جانب روانہ کر دیے ہیں جبکہ ہائیڈرنٹس کے انچارج فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پانی کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ ابتدا میں فیکٹری کی اوپری منزلوں تک محدود تھی لیکن خام مال اور کاٹن کی موجودگی کے باعث شعلے انتہائی تیزی سے پھیلے، جس کے نتیجے میں دیواریں گرنے لگیں اور کچھ ہی دیر بعد پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ ملبہ گرنے کے دوران 2 فائر فائٹرز زخمی ہوئے تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 سے زائد گاڑیاں، اسنارکل، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور واٹر کارپوریشن کے ٹینکرز مشترکہ آپریشن میں مصروف ہیں۔ اطراف کی دیگر فیکٹریوں کی فائر سیفٹی ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔علاقے میں بھاری دھواں پھیل جانے سے فضا مکدر ہو گئی ہے جبکہ پولیس نے عوام کو جائے حادثہ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے کئی گھنٹوں کا وقت درکار ہوگا۔

Shares: