ٹھٹھہ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سوموں) گھوڑاباری بکیرا سٹاپ کے قریب اڈیرو بئراج میں گذشتہ رات دیر گئے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں انتظامیہ کی سنگین غفلت اور ریسکیو نظام کی کمزوری واضح ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک پک اَپ سوزوکی ڈرائیور کے کنٹرول کھو دینے کے باعث نہر کی پل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی شدت کے باعث دو افراد، فقیرو مہر اور خمیسو کنڈرا نہر میں گر کر ڈوب گئے۔
متاثرہ خاندان اور مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد صبح تک کوئی ریسکیو کارروائی شروع نہیں ہوئی، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ اگر بروقت ریسکیو پہنچ جاتا تو جانی نقصان کم ہو سکتا تھا۔
صبح تک انتظامیہ کے نوٹس نہ لینے پر مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کی کوششیں شروع کر دیں۔ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز حاجی علی حسن زرداری نے فوری نوٹس لیا اور انتظامیہ کو ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر کی ہدایت پر پیپلزپارٹی گھوڑاباری کے صدر اور ٹاؤن کمیٹی گھوڑاباری کے چیئرمین محمد رمضان پنہور موقع پر پہنچے اور جاری ریسکیو کارروائی کی نگرانی کی۔
ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد پہلے خمیسو کنڈرا اور بعد ازاں فقیرو مہر کی لاشیں برآمد کیں، جس کے بعد تلاش کا عمل مکمل کر دیا گیا۔
مقامی افراد نے ریسکیو اداروں کی تاخیر اور ابتدائی ردعمل میں کوتاہی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ ذمہ داروں کا تعین کرے اور علاقے میں ریسکیو نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔








