میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) جروار شہر اور آس پاس کے علاقوں میں گذشتہ شب سے فائرنگ کی خوفناک آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جس نے چھوٹے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پورے علاقے میں دہشت کی فضا قائم ہے اور لوگ رات بھر گھروں میں محصور ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ جروار پولیس کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں آئی، جس سے شہریوں میں بے چینی اور غصہ بڑھ گیا ہے۔
عوام نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جروار جیسے حساس علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری قدم اٹھائیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیں۔ شہری خصوصی طور پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔
حالیہ صورتحال نہ صرف عوام کے لیے خطرناک ہے بلکہ علاقے میں امن و امان کی مجموعی فضا کے لیے بھی شدید تشویش کا باعث ہے۔








