لاہور کے علاقے گلشنِ اقبال تھانے میں ایک پولیس کانسٹیبل کے خلاف سرکاری ڈیوٹی کے دوران مبینہ طور پر پنجاب حکومت، پاک فوج اور کالعدم تنظیم کے حق میں سوشل میڈیا پوسٹس کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعی رپورٹ ،ایف آئی آر نمبر 1386/25 پولیس آڈر 2002 کی دفعہ 155/C کے تحت درج کی گئی۔
درج مقدمے کے متن کے مطابق یکم دسمبر 2025 کی رات تقریباً 8 بج کر 35 منٹ پر اے ایس آئی محمد پرویز، اہلکار زوہیب ، عمران اور ڈرائیور صفدر گشت کے سلسلے میں سرکاری گاڑی نمبری 646/LEG پر کریم بلاک مارکیٹ میں موجود تھے۔ گشت کے دوران اے ایس آئی محمد پرویز نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ کھولا تو ایک آئی ڈی “AQEEL NOOR” پر ایسی متعدد پوسٹس نظر آئیں جو مبینہ طور پر پنجاب حکومت کے خلاف،پاک آرمی کے خلاف،اور ایک کالعدم تنظیم کی حمایت میں شیئر کی گئی تھیں۔پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ فیس بک اکاؤنٹ چلانے والا شخص محمد عقیل ولد نور محمد ہے جو کہ پولیس کانسٹیبل (18849/C)ایس ڈی پی او آفس مسلم ٹاؤن میں کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر تعینات ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ اہلکار کے سوشل میڈیا رویے کو محکمہ پولیس کے ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی اور ادارے کی بدنامی کا باعث قرار دیا گیا۔
اے ایس آئی محمد پرویز نے تمام ریکارڈ مرتب کر کے تحریری استغاثہ کے ساتھ کنسٹیبل عمران کے ذریعے مقدمہ درج کرانے کی درخواست تھانے بھجوائی۔ تحریر موصول ہونے پر احمد مجدد نے مقدمہ درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کرنے کی ہدایت جاری کی۔مقدمے کے اندراج کے بعد متعلقہ تفتیشی افسر کو کیس منتقل کر دیا گیا ہے۔









