راولپنڈی: اڈیالہ جیل کی سکیورٹی مزید سخت کرنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اس کے گردونواح کے پورے علاقے کو ہنگامی بنیادوں پر ریڈ زون قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے ریڈ زون کی حدود کے تعین کا عمل تقریباً مکمل کرلیا ہے، جب کہ باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔ نئی حدود طے ہونے کے بعد ریڈ زون کے اندر اور تمام داخلی راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تربیت یافتہ اور خصوصی اہلکار بڑی تعداد میں تعینات کیے جائیں گے، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول کیا جاسکے۔اعلیٰ حکومتی اور سکیورٹی حلقوں نے اس پیش رفت کو جیل کے مجموعی سکیورٹی پلان کا اہم حصہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ “اگر کسی نے جیل پر حملے یا جیل توڑنے کی کوشش کا تصور بھی کیا تو ریاست کی جانب سے بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔” ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں اور کسی بھی غیر آئینی یا غیر قانونی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Shares: