جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کا شاندار افتتاح ہوگیا، جہاں سرخ قالین پر دنیا بھر کے نامور فنکاروں نے جلوے بکھیرے۔ پاکستان کے معروف اداکاروں اور فلم سازوں نے بھی اس عالمی میلے میں بھرپور شرکت کی، جس سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نمائندگی مزید مضبوط انداز میں سامنے آئی۔
افتتاحی تقریب کے دوران روایتی عربی موسیقی، روشنیوں کی چمک اور فنونِ لطیفہ کی دلکش جھلک نے ماحول کو یادگار بنا دیا۔ دنیا بھر سے آئے فنکاروں نے ریڈ کارپٹ پر شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا، جبکہ فیسٹیول کے لیے مخصوص ’’ریڈ سی تھیٹر‘‘ میں موجود شائقین نے بھی ستاروں سے بھرپور اس تقریب کو بے حد سراہا۔فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو, اداکار و اسکرپٹ رائٹر توثیق حیدر اور نامور فلم ساز و اداکار شہزاد نواز نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستانی فنکاروں نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی فلمی صنعت اور اس کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور مختلف عالمی شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔
فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے سعودی وزیرِ ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللّٰہ بن فرحان نے کہا کہ یہ فیسٹیول نہ صرف سعودی عرب میں فلمی صنعت کو فروغ دے رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر مملکت کو ایک اہم سینما ڈیسٹینیشن کے طور پر مستحکم کر رہا ہے۔ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول مملکت کی ثقافتی ترقی کے ساتھ ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کو بھی تقویت دیتا ہے۔ ان کے مطابق یہ پلیٹ فارم دنیا بھر کے فلم سازوں، اداکاروں اور تخلیقی ذہنوں کو ایک ساتھ لاتا ہے، جو نہ صرف ثقافتی تبادلے کو فروغ دیتا ہے بلکہ سعودی عرب کو عالمی فلمی نقشے پر نمایاں مقام بھی فراہم کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب کے بعد دنیا بھر کے فلم سازوں کی تخلیقات پر مبنی فلموں کی نمائش شروع ہوگئی، جن میں مشرقِ وسطیٰ، ایشیا، یورپ اور افریقہ کے فلمی منصوبے شامل ہیں۔ فیسٹیول کے دوران ورکشاپس، ماسٹر کلاسز اور فلم مارکیٹ بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے۔







