اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس میں نئی ترمیم کے بعد تحصیل احمد پور شرقیہ، اوچ شریف، دھوڑکوٹ اور گردونواح میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس نے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ بغیر ہیلمٹ سفر، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر لائسنس گاڑی چلانا اور ون وے کی خلاف ورزی جیسے جرائم پر پولیس نے مکمل زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا لی ہے۔

کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد شہریوں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون توڑنے والوں کے لیے نہ کوئی سفارش قبول کی جائے گی، نہ نرمی، اور نہ ہی کسی قسم کی رعایت دی جائے گی۔ قوانین کی مؤثر عملداری کے لیے کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔

دوسری جانب شہریوں نے لائسنس کے اجراء میں تاخیر اور سرکاری لائسنس سینٹرز میں مسلسل ’’لنک ڈاؤن‘‘ پر شدید احتجاج کیا ہے۔ شہریوں کے مطابق لائسنس مراکز میں لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں، عوام گھنٹوں خوار ہوتے ہیں، اور وقت پر لائسنس نہ بننے کی وجہ سے پولیس کی کارروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ’’ایک طرف پولیس سختی کر رہی ہے، دوسری طرف حکومت کے لائسنس سینٹرز کی خراب کارکردگی نے عوامی مشکلات کو دوگنا کر دیا ہے۔‘‘

عوامی حلقوں نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ لائسنسنگ سسٹم کو فوری طور پر فعال کیا جائے، لنک ڈاؤن مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے اور عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جائے، ورنہ یہ صورتحال مزید عوامی غم و غصے کو جنم دے سکتی ہے۔

Shares: