اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر شہر میں اربن فارسٹری کے تحت وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر مشتاق حسین چغتائی کی نگرانی میں تحصیل روڈ سے ملحقہ مختلف مقامات پر پھولدار، پھلدار، سایہ دار اور دیگر اقسام کے درخت لگائے جا رہے ہیں، تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
ڈی ایف او مشتاق حسین چغتائی کے مطابق اربن فارسٹری پروگرام شہر کے ماحول، فضائی آلودگی میں کمی اور شہری خوبصورتی بڑھانے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے نتیجے میں نہ صرف آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو زیادہ خوشگوار، صحت بخش اور پائیدار ماحول میسر آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے پارکس، سڑکوں کے کناروں اور خالی جگہوں پر مسلسل پودے لگائے جا رہے ہیں، جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، درجہ حرارت میں کمی اور کاربن جذب کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے شجرکاری کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق یہ اقدامات شہر کو سبز، خوبصورت اور صحت مند بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں، جبکہ شجرکاری مہم کو شہریوں کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہے۔








