اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر شہر کی خوبصورتی اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے میونسپل کمیٹی کی ٹیموں نے غیر قانونی فلیکسز، ترپالیں، سائن بورڈز اور وال بینرز کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان کی زیر نگرانی ٹیموں نے دیپالپور چوک میں دکانوں کے باہر غیر منظور شدہ تشہیری مواد ہٹانے کے فرائض باقاعدگی سے انجام دیے۔ شہر کے مختلف بازاروں، اہم شاہراہوں اور چوکوں میں خصوصی ٹیمیں متحرک ہو کر غیر قانونی فلیکسز اور بورڈز کو ہٹا رہی ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر علیزہ ریحان نے کہا کہ غیر قانونی فلیکسز اور بورڈز نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور حادثات کا سبب بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو صاف، خوبصورت اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے یہ آپریشن مسلسل جاری رہیں گے اور شہریوں سے بھی توقع ہے کہ وہ تعاون کریں۔

Shares: