مدینہ منورہ: ادارہ امورِ حرمین شریفین نے مسجدِ نبوی ﷺ میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنۃ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے نئے اوقات کار جاری کر دیے ہیں۔ نئے اوقات کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جن کا مقصد زائرین کی سہولت، ہجوم کی بہتر مینجمنٹ اور عبادت کے لیے پر سکون ماحول فراہم کرنا ہے۔
ادارہ امورِ حرمین کے مطابق مرد زائرین شب 2 بجے سے نمازِ فجر تک،دن 11 بجے سے لے کر نمازِ عشاء تک زیارت کر سکیں گے،اضافی طور پر جمعہ کے دن نمازِ جمعہ کے بعد سے نمازِ عشاء تک مرد زائرین کو زیارت کی اجازت ہوگی۔
خواتین زائرین کے لیے دو مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں ،نمازِ فجر کے بعد سے دن 11 بجے تک،نمازِ عشاء کے بعد سے شب 2 بجے تک.جمعہ کے روز خواتین کے لیے نمازِ فجر کے بعد سے صبح 9 بجے تک کا وقت مقرر ہے،زیارت کے ساتھ ساتھ ریاض الجنۃ میں داخلے اور نوافل کی ادائیگی بھی انہی اوقات کے تحت ہوگی، تاکہ مرد و خواتین کو الگ اوقات میں سہولت کے ساتھ عبادت کا موقع مل سکے۔
ادارہ امورِ حرمین شریفین نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں، منظم انداز میں داخلے اور خروج کو یقینی بنائیں، اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تمام زائرین پرسکون ماحول میں اپنی عبادات ادا کرسکیں۔








