پنجاب کے ضلع لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا میں غفلت اور ناقص انتظامات ایک اور سانحے کا باعث بن گئے، جہاں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ قصبہ دھنوٹ کے علاقے سعید چوک کے قریب پیش آیا، جہاں متاثرہ بچہ ریحان اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلا ہی تھا کہ حادثہ پیش آگیا۔عینی شاہدین کے مطابق صبح کے اوقات میں ریحان معمول کے مطابق اسکول جا رہا تھا کہ راستے میں موجود ایک کھلا مین ہول اس کی نظر سے اوجھل رہا، جس کے باعث وہ اس میں جاگرا۔ بچے کے گرنے کی آواز سن کر قریبی دکاندار اور مقامی افراد موقع پر پہنچے اور فوری طور پر ریسکیو اداروں کو اطلاع دی۔ریسکیو 1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیموں نے کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد ننھے ریحان کو مین ہول سے نکالا، تاہم اس کی حالت اس وقت تک انتہائی تشویشناک ہوچکی تھی۔ اسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لودھراں منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

ریحان کی موت کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ والدین اور علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کئی دنوں سے علاقے میں مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، جس کی بارہا شکایات انتظامیہ کو دی گئیں لیکن کوئی کارروائی نہ کی گئی۔مکینوں کے مطابق انتظامیہ کی مسلسل غفلت اور نااہلی کے باعث ایسے حادثات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، اور اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو ننھے ریحان کی جان بچ سکتی تھی۔

متاثرہ خاندان اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے مین ہول کا ذمہ دار کون ہے، اس کی فوری تحقیقات کی جائیں،ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے،علاقے کے تمام مین ہولز پر فوری طور پر ڈھکن لگانے کا کام مکمل کیا جائے،شہری سہولیات کے اداروں کی نگرانی کے لیے موثر نظام قائم کیا جائے

Shares: