گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی، اوباڑو، گڈو اور کشمور کے عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھوٹکی تا کشمور پیپلز بس سروس کا فوری آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کی بڑھتی ہوئی سفری مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
مقامی نمائندوں، سول سوسائٹی، طلباء اور مختلف دیہات کے مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشمور سے سکھر کے درمیان چلنے والی پرانی نجی بس سروسز برسوں سے بند ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں خصوصاً مزدور طبقے، بزرگوں اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عوام کے مطابق سرکاری سفری سہولیات نہ ہونے کے باعث لوگ مہنگے نجی ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو عام آدمی کی سکت سے باہر ہو چکے ہیں۔ طلباء کی بڑی تعداد روزانہ مختلف شہروں کا سفر کرتی ہے، مگر مناسب سہولیات نہ ہونے سے ان کا تعلیمی سلسلہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز بس سروس کو گھوٹکی، اوباڑو، گڈو سے کشمور تک توسیع دی گئی تو یہ نہ صرف کم لاگت، محفوظ اور باعزت سفر فراہم کرے گی بلکہ حکومت پر عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے بس سروس کے جلد آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔








