میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغواء کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے، جس کے تحت پولیس نے سول انٹیلی جنس ایجنسی کی مدد سے شہری کو کبائر گروہ کے ممکنہ اغواء سے بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ میرپور ماتھیلو بدر الدین برڑو اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لنک روڈ محمد پور سے تحصیل و ضلع مردان کے رہائشی سید نبی ولد غلام نبی کو بروقت ریسکیو کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ شخص ایک جعلی نسوانی آواز اور فون پر "شادی کے جھانسے” میں آ کر کچے علاقے جا رہا تھا جہاں اسے اغواء کیے جانے کا منصوبہ تھا۔
متاثرہ شخص سید نبی نے پولیس کو بتایا کہ اسے گزشتہ کئی دنوں سے نامعلوم نمبروں سے ایک لڑکی کے نام پر کالز موصول ہو رہی تھیں جو شادی کی خواہش ظاہر کرتی تھی۔ دوستی بننے کے بعد وہ آج اسی سے ملنے جا رہا تھا، مگر یہ سب اغواء کی منظم سازش نکلا۔
سید نبی نے اپنی زندگی بچانے پر ایس ایس پی گھوٹکی اور پوری پولیس ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی گھوٹکی نے پولیس پارٹی کو شاباشی اور تعریف کا پیغام بھی جاری کیا۔








