میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)حکومتِ سندھ نے روہڑی سے گڈو بیراج تک ایم–5 انٹرچینج صادق آباد کے راستے خانپور مہر، جروار، میرپور ماتھیلو اور مرید شاخ تک 150 کلومیٹر طویل مرکزی شاہراہ کی بحالی، مرمت اور توسیع کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

منصوبے کی کل منظور شدہ لاگت 7.822 ارب روپے رکھی گئی ہے اور اسے 36 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ وفاقی اور سندھ حکومت اس منصوبے پر 50:50 لاگت کی بنیاد پر کام کریں گی، جبکہ منظور شدہ لاگت سے زائد خرچ سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

منصوبے کے تحت سڑک کی چوڑائی 3.65 میٹر سے بڑھا کر 5.50 میٹر کی جائے گی، پل، کلورٹس، ڈرینج سسٹم اور بَریسٹ والز کی مکمل بہتری شامل ہے۔ پورے روٹ پر مضبوط کَرسٹ، تھرمو پلاسٹک لائنیں، روڈ فرنیچر اور حفاظتی تعمیرات بھی کی جائیں گی۔ سڑک کی ڈیزائن اسپیڈ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی ہے اور یہ 70 ٹن وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھے گی۔

موجودہ ٹریفک روزانہ 633 گاڑیوں پر مشتمل ہے، جو آئندہ دس سالوں میں 1,031 گاڑیوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس شاہراہ سے سکھر، گھوٹکی، اوباڑو، گڈو، خانگڑھ، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو اور جروار سمیت سات تعلقات کی 14 لاکھ سے زائد آبادی کو براہِ راست فائدہ حاصل ہوگا، اور زرعی ٹرانسپورٹ، تجارت، صحت اور تعلیم تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ECNEC نے اس منصوبے کو 27 جون 2023 کو باقاعدہ منظوری دی اور 17 جولائی 2023 کو منصوبے کا اختیار رسمی طور پر جاری کر دیا گیا۔

Shares: