ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب میں انٹرا پارٹی الیکشن کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ انعقاد مکمل کر لیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ضلع بھر میں رکنیت سازی کا عمل مکمل کیا گیا اور دس یونین کونسلز کی سطح پر صدور کے انتخاب کا عمل شفاف، منظم اور پرامن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچا۔
ضلعی صدر میاں عابد نے اس موقع پر کہا کہ رکنیت سازی اور انٹرا پارٹی الیکشن کا کامیاب انعقاد پارٹی کارکنان کی محنت اور قیادت کی دوراندیشی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسی سطح پر منتخب ہونے والی نئی قیادت نہ صرف پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط کرے گی بلکہ مستقبل کے تنظیمی ڈھانچے کی بنیاد بھی رکھے گی۔ میاں عابد نے مزید کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہر سطح پر جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے عزم کے تحت یہ انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔
ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے الیکشن کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکنیت سازی سے لے کر پولنگ تک پورا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ضلع ننکانہ صاحب میں مرکزی مسلم لیگ مضبوط، فعال اور متحد ہے۔ ثاقب مجید نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن جماعت کے اندر جمہوری کلچر کو مضبوط کرتے ہیں اور نئے افراد کو قیادت کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
پارٹی کی ضلعی قیادت کے مطابق یوسی سطح پر قیادت کے انتخاب کے بعد دوسرے مرحلے کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ ضلع میں پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد کو سیاسی سرگرمیوں میں نئی روح پھونکنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے اور اس سے پارٹی میں شفافیت، جمہوری عمل اور تنظیمی مضبوطی کو نئی سمت ملے گی۔








