اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے حقیقی آزادی مارچ سے متعلق دو مختلف مقدمات میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے کی، جس دوران عدالت نے بتایا کہ ملزم علی امین گنڈاپور کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم وہ بارہا طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری حکم نامے میں بھی اسی بات کی نشاندہی کی گئی ہے۔عدالت نے دونوں مقدمات کی کارروائی مزید پیش رفت کے لیے 5 جنوری تک ملتوی کر دی ہے، جبکہ پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر ملزم کی عدالت میں حاضری یقینی بنائی جائے۔ علی امین گنڈاپور اور دیگر کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں حقیقی آزادی مارچ کے دوران امنِ عامہ میں خلل ڈالنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت دو مقدمات درج کیے گئے تھے۔








