گوجرخان(قمرشہزاد) غازیوں شہیدوں کی دھرتی گوجرخان کے سپوت سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کی 54ویں برسی ان کے آبائی علاقے جاتلی کے نواح دیوی داتا ڈھوک پیر بخش میں منائی گئی۔
اس سلسلے میں جی او سی منگلا میجر جنرل محمد عاصم، ، برگیڈیر محمد نعمان، لیفٹیننٹ کرنل مصدق حسین، میجر محمد سہیل، سوار محمد حسین شہید کے صاحبزادے منور محمد آفیسر اٹامک انرجی کمیشن، نے شہید کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر تحصیل گوجرخان کی سیاسی و سماجی شخصیت سمیت دیگر مکاتب فکر کے افراد اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور شہید کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ جاتلی جمال اور پولیس اہلکار پر بھی موجود تھے۔ مزید برآں برسی کی تقریب میں شریک افواج پاکستان کے افسران نے اس موقع پر کہا کہ سوار محمد حسین شہید کی قربانی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور شہداء کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کا عزم مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ سوار محمد حسین شہید کی بہادری، قوم سے محبت اور فرض شناسی آج بھی ہر پاکستانی کے لیے قابلِ فخر مثال ہے، اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دفاعِ وطن کے عزم کی تجدید کی جا رہی ہے۔








