سکھر میں زیرِ علاج شکارپور آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے میاں بیوی ڈی ایس پیز نے اپنے حوصلے اور ہمت کی مثال قائم کرتے ہوئے اسپتال میں ہی شادی کی دوسری سالگرہ منائی۔
دونوں افسران زخمی حالت کے باوجود مسکراتے ہوئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے دکھائی دیے، جبکہ اسپتال کا ماحول خوشی اور حوصلے کی فضا میں تبدیل ہوگیا۔میئر سکھر ارسلان شیخ خصوصی طور پر ایک کیک ہمراہ اسپتال پہنچے اور زخمی جوڑے کی عیادت کی۔ انہوں نے کیک خود پیش کیا جسے زخمی ڈی ایس پی جوڑے نے اسپتال کے وارڈ میں ہی کاٹا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور اسپتال کے دیگر ملازمین بھی شریک ہوئے اور جوڑے کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے بھی سکھر کے نجی اسپتال کا دورہ کیا اور زخمی ڈی ایس پیز کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاتون افسر کی جرات اور بہادری پورے محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس پی شکارپور سمیت تمام بہادر اہلکاروں کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر پولیس آپریشن کیا گیا تھا جس میں 9 ڈاکو ہلاک ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی میاں بیوی سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ زخمی جوڑے کی بہادری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا جارہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق زخمی افسران کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں مکمل طبی نگہداشت فراہم کی جارہی ہے۔








