پاکستان کے ڈیجیٹل ہیلتھ اور فنانشل ایکو سسٹم میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر زندگی اور ای شافی نے اسٹریٹیجک شراکت داری قائم کر لی ہے، جس کا مقصد جدت کو آگے بڑھانا اور خصوصاً دور دراز اور محروم علاقوں میں عوام کے لیے ڈیجیٹل صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
اس اشتراک کے تحت ای شافی کے مکمل ٹیل ہیلتھ ایکو سسٹم اور زندگی کے جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو یکجا کیا گیا ہے، جس سے صارفین چوبیس گھنٹے صحت کی خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور محفوظ، فوری ڈیجیٹل ادائیگیاں ایک ہی مربوط پلیٹ فارم کے ذریعے کر سکیں گے۔
اس مفاہمت نامے پر زندگی کے چیف آفیسر نعمان اظہر اور ای شافی کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر شافیق انور نے دستخط کیے، جبکہ دونوں اداروں کی سینئر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔نعمان اظہر، چیف آفیسر زندگی نے کہا کہ "اس شراکت داری کے ذریعے ہم زندگی کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام اور ای شافی کی جدید صحت کی خدمات کو یکجا کر کے حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں۔ یہ ہمارے اس عزم کی عکاسی ہے کہ ہم محروم علاقوں تک پہنچیں اور وہاں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنائیں جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔”
شراکت داری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شافیق انور، بانی و سی ای او ای شافی نے کہا "یہ اشتراک صرف ایک پارٹنرشپ نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے۔ زندگی کے ساتھ مل کر ہم ایک ایسے مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں جہاں ڈیجیٹل ہیلتھ اور ڈیجیٹل ادائیگیاں مل کر ان رکاوٹوں کو ختم کریں گی جن کی وجہ سے لوگ معیاری اور کم لاگت صحت کی سہولیات سے محروم رہے ہیں۔”
یہ شراکت داری تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قدر بڑھاتی ہے،مریضوں کو بروقت اور سستی صحت کی سہولیات تک رسائی ملتی ہے، فراہم کنندگان کو مؤثر ڈیجیٹل ٹولز میسر آتے ہیں، اور معاشرے میں دیرپا مثبت اثرات پیدا ہوتے ہیں۔ زندگی اور ای شافی مل کر پاکستان میں صحت اور مالی شمولیت کے مستقبل کو ازسرِنو تشکیل دے رہے ہیں، تاکہ ہر فرد، ہر جگہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ایک مربوط اور آسان رسائی حاصل کر سکے۔







