پسرور ( باغی ٹی وی ،نامہ نگار وقاص اسلم) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے آج شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی آئل ایجنسیاں مکمل طور پر سیل کر دیں۔ اس دوران شہر میں قائم منی پٹرول پمپ بھی بند کر دیے گئے، جبکہ وہ دکاندار جنہوں نے اپنی جگہیں کرایہ پر دے کر یہ غیر قانونی کاروبار چلنے دیا، ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ متعلقہ دکانداروں اور مالکان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں، تاکہ شہر میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جاسکے۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ پسرور میں آج کے بعد کسی بھی قسم کی غیر قانونی آئل ایجنسی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری ایف آئی آر، بھاری جرمانے اور دیگر قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔

شہریوں کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر کسی مقام پر غیر قانونی آئل ایجنسی یا منی پٹرول پمپ نظر آئے تو فوری طور پر اے سی آفس پسرور کو اطلاع دیں یا ثبوت کے ساتھ رابطہ کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی حفاظت، شفاف کارروائی اور امن و امان کی بہتری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہر شہری کا تعاون ضروری ہے۔

Shares: