ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت کرسمس، قائداعظم ڈے اور نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹیگیشن حنا نیک بخت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ ضلعی اداروں کے سربراہان نے آئندہ تقریبات کے سلسلے میں جاری تیاریاں اور سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرسمس اور نئے سال کے دوران لاوڈ اسپیکر کے غلط استعمال، ون ویلنگ اور سلنسر نکالنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دے دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو 20 دسمبر تک اپنے پلان جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر چرچز کے علاقوں میں خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا جائے اور متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام چرچز میں ہیلتھ اور ریسکیو کیمپس قائم کیے جائیں گے، جبکہ تینوں تحصیلوں میں سستے بازار بھی لگائے جائیں گے جہاں کرسچن کمیونٹی کو سبسڈائز آٹا اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ضلع کے تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو ہدایت کی کہ 20 دسمبر تک ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ کرسمس کے موقع پر ضلعی کنٹرول روم کے ساتھ تحصیل سطح پر بھی کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے اور چرچز کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سخت نگرانی کی جائے گی۔ متعلقہ علاقوں کو لوڈشیڈنگ فری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تقاریب کے دوران چرچز کے اطراف صفائی، پیچ ورک اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ قائداعظم ڈے کے موقع پر تمام ضلعی دفاتر، کالجز اور اسکولوں میں تقریبات منعقد کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

بعد ازاں کرسمس کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس بھی ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ہوا، جہاں کمیٹی ممبران نے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Shares: