ن لیگ کے صدر نواز شریف نے گلگت بلتستان الیکشنز پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدواروں کے انتخاب میں میرٹ پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پرانے ساتھیوں کے ساتھ ساتھ نئے امیدواروں کی شمولیت بھی شفاف اورمنصفانہ بنیادوں پر ہوگی۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ ن لیگ کا پارلیمانی بورڈ تمام رہنماؤں اور کارکنوں کی رائے سننے کے بعد ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گا تاکہ بہترین امیدوار میدان میں آئیں،ہمیں ہر سطح پر نظررکھنی ہوگی کہ کون پارٹی کے ساتھ ہے اور کون پرایا انتخابات کی فضا مثبت ہے اوراس کے نتائج بھی پارٹی کے حق میں آئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ نے ملک میں جو سرمایہ کاری کی، وہ این ایف سی ایوارڈ سے بھی آگے نکل گئی اور صوبوں کو فنڈز ان کے حقوق کے مطابق ملنے چاہئیں،انہوں نے وفاق کی جانب سے دیے جانے والے فنڈز کے بہتر استعمال پر بھی زور دیا اور کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی این ایف سی کے تحت مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔
نواز شریف نے اعلان کیا کہ وہ جلد وزیراعظم شہباز شریف سے اس معاملے پر بات کریں گے تاکہ دونوں علاقوں میں ترقی اور انتخابات کی تیاری میں مزید تیزی لائی جا سکے،انہوں نے پارٹی کارکنان اوررہنماؤں سے کہا کہ وہ اپنے عزم اور محنت سے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور میرٹ، شفافیت اورعوامی توقعات کو اولین ترجیح دیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان میں 24 جنوری کو انتخابات کی منظوری دے دی۔ الیکشن کمیشن آج اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کریگا چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے الیکشن کرانے کے لئے سفارشات صدر پاکستان کو بھجوائے تھے۔ صدر پاکستان نے 24 جنوری میں الیکشن منعقد کرانے کی حتمی منظوری دے دی۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گلگت بلتستان اسمبلی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد تحلیل کر دی گئی تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ یار محمد خان کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیاتھا۔وزیر اعظم نے بطور چیئرمین جی بی کونسل نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد ناصر کی تعیناتی منظوری دی ، کابینہ ڈویژن نے نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات نگران حکومت کرائے گی۔







