اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ میں ریسکیو 1122 سروس کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے شعبے میں اہم پیش رفت کے سلسلے میں اسلامیہ فاؤنڈیشن کے بانی اور معروف سماجی رہنما حاجی عامر شہزاد نے محکمہ ایمرجنسی سروسز کے دفتر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ریسکیو افسران نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ادارے کی کارکردگی، سہولیات اور آپریشنل ڈھانچے سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد رفیق اور اسٹیشن کوآرڈینیٹر عابد رحیم نے حاجی عامر شہزاد کو فلڈ ریسکیو ایکوپمنٹ، آگ بجھانے والی جدید گاڑیوں، ایمبولینسز، میڈیکل ریسپانس یونٹس اور دیگر خصوصی وہیکلز کے استعمال اور اہمیت سے آگاہ کیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ ریسکیو 1122 نہ صرف حادثات بلکہ قدرتی آفات، آگ بجھانے، سیلابی صورتحال اور میڈیکل ایمرجنسیز میں بھی دن رات خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ دورے کے دوران حاجی عامر شہزاد نے ریسکیو سروس کی پیشہ ورانہ اہلیت، تربیت یافتہ ٹیموں اور جدید مشینری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی ادارے اور عوام بھی ریسکیو کے ساتھ تعاون کو بہتر بنائیں تاکہ ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر امداد ممکن ہو سکے۔ ریسکیو افسران نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں ایمرجنسی رسپانس ٹائم مزید بہتر بنانے کے لیے اضافی وسائل اور تربیتی پروگراموں پر کام جاری ہے اور امید ظاہر کی کہ سماجی اداروں کی حمایت سے ریسکیو سروس مزید فعال اور جدید خطوط پر استوار ہوگی۔

اس موقع پر ادارے کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں حاجی عامر شہزاد کو کنٹرول روم، ریسکیو اسٹیشن، ٹریننگ ہال اور فلیٹ اسٹور سمیت تمام اہم یونٹس کا معائنہ کروایا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق، عوام میں آگاہی مہم اور حادثات سے بچاؤ کے پروگرام بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔

سماجی رہنماؤں کے اس طرح کے دوروں کو ریسکیو حکام نے خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے ادارے کی کارکردگی مزید نکھرے گی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

Shares: