سندھ پولیس کے شہید پولیس افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نے بھارتی پروپیگنڈا فلم کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔

سندھ پولیس کے شہید افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے بولی وڈ کی متنازع فلم ”دھرندھر“ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

نجی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے نورین اسلم نے کہا کہ لیاری پر بنائی گئی بھارتی فلم پاکستان کے خلاف سازش ہےمعرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت فلم کے ذریعے پاکستان مخالف مہم چلا رہا ہے جو ہمیشہ کی طرح ناکام ہوگی بھارتی فلم چوہدری اسلم کی خدمات اور محبت کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکال سکتی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ فلم لیاری پر کیوں بنائی گئی، گینگ وار کے کارندے رحمان ڈکیت کو کیوں اجاگر کیا گیا؟ فلم پاکستان مخالف دہشتگردوں کی حمایت کے لیے بنائی گئی،فلم میں شہید چوہدری اسلم کے کردار کو منفی انداز میں پیش کیا گیا،عالمی قوانین کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر اور رائٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی۔

نورین اسلم نےکہا کہ فلم کے ٹریلر میں غیر مناسب اور توہین آمیز جملے استعمال کیے گئے ہیں، جن میں کہا گیا کہ شیطان اور جن سے پیدا ہونے والے بچے کو چوہدری اسلم کہتے ہیں، ہم مسلمان ہیں اور ہمارے دین میں شیطان اور جنوں سے عورتوں کے تعلقات کا کوئی تصور نہیں ہےاس جملے سے چوہدری اسلم کی والدہ کی کردار کشی کی گئی ہے، جو ایک پاکیزہ اور پردہ دار خاتون تھیں، اگر فلم میں چوہدری اسلم کے خلاف کوئی پروپیگنڈا کیا گیا یا انہیں منفی انداز میں پیش کیا گیا تو میں فیملی ممبر ہونے کی حیثیت سے قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہوں۔

نورین اسلم نے بھارتی رائٹرز کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا، “اداکار کبھی غلط نہیں ہوتے، سنجے دت ایک بڑے اداکار ہیں۔ یہ رائٹر کا کمال ہے۔ بھارتی میڈیا نے ہمیشہ پاکستان کو دہشت گرد ملک کے طور پر پیش کیا ہے اور اُس وقت گرفتار کیے گئے بھارتی کرنل پر خاموشی اختیار کی جس نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے چوہدری اسلم پر جوا کھیلا ہے، چوہدری ہیرو ہے یا وِلن یہ سب کا اپنا اپنا نظریہ ہے مجھے اس سے اختلاف نہیں لیکن چوہدری اسلم میرا فخر ہیں اور مرتے دم تک رہیں گے انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کی خدمت میں گزاری ہے۔

فلم میں رحمان ڈکیت کے کردار پر بات کرتے ہوئے نورین اسلم نے کہا کہ ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) ایک بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم ہے، لیکن رحمان ڈکیت کو ”دھرندھر“ میں حقیقت کے برخلاف بڑا دہشت گرد دکھایا گیا ۔ ان کے مطابق، چوہدری اسلم نے اپنے کیریئر میں ان سے بھی بڑے بڑے بڑے دہشت گردوں کے انکاؤنٹر کیے ہیں، اور ان کی خدمات کو نظرانداز کرنا زیادتی ہے۔ ان کی بہادری کا ہرکوئی متعرف ہے اور اس پر دو رائے نہیں ہو سکتی۔

Shares: