ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر چوہدری حمید الحسن گجر نے تحصیلی صدور سے ضلعی سیکریٹریٹ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ننکانہ صاحب میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید اور ضلعی رہنما محمد اکرم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں عوام کا غیر معمولی اعتماد قابلِ ستائش ہے۔

چوہدری حمید الحسن گجر نے کہا کہ یہ اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایسی سیاست پر یقین رکھتی ہے جو خالصتاً خدمت، شفافیت اور عوامی نمائندگی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں عوام کے دلوں میں جگہ دی۔ یہ پذیرائی ہماری توقعات سے زیادہ ہے اور اس انٹرا پارٹی الیکشن میں ہر علاقے کی عوام کا جوش و خروش قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں سے باصلاحیت اور سنجیدہ امیدواروں کا آگے آنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ حقیقی معنوں میں خدمت کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کی بھرپور شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا بڑی تعداد میں بطور امیدوار سامنے آنا اور ووٹ کاسٹ کرنا اس بات کی علامت ہے کہ پارٹی کا منشور خواتین کے حقوق، بااختیار بنانے اور سیاسی شمولیت کے لیے عملی جدوجہد کر رہا ہے۔

چوہدری حمید الحسن گجر نے امید ظاہر کی کہ انٹرا پارٹی الیکشن 2025 پارٹی کے اندر جمہوری عمل، شفافیت اور عوامی نمائندہ قیادت کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Shares: