چین کے صوبہ شانڈونگ میں واقع ایک فیکٹری میں پیش آنے والے خوفناک حادثے میں زخمی خاتون کا کان اس کے پاؤں سے جوڑ دیا گیا-
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال کے آغاز میں فیکٹری میں کام کے دوران ایک چینی خاتون ملازمہ کے بال اچانک ہیوی مشینری میں الجھ گئے، جس کے نتیجے میں خاتون کا بایاں کان، سر اور جلد کا کچھ حصہ بری طرح متاثر ہو گیا،حادثہ اتنا شدید تھا کہ دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے خاتون کی جان بچ گئی،حادثے کے فوری بعد خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کو ایک انتہائی مشکل اور نایاب سرجری کا فیصلہ کرنا پڑا۔
طبی ماہرین کے مطابق متاثرہ کان کو فوری طور پر اس کی اصل جگہ پر جوڑنے سے خون کی نالیوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ تھا، جس کے باعث ڈاکٹروں نے ایک غیر معمولی مگر سائنسی بنیادوں پر درست فیصلہ کیاڈاکٹروں نے متاثرہ کان کو عارضی طور پر خاتون کے پیر پر لگانے کا فیصلہ کیا تاکہ خون کی روانی بحال رہے اور کان کے ٹشوز زندہ رہ سکیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیر کی جلد نسبتاً پتلی ہوتی ہے اور وہاں موجود خون کی نالیوں کا نظام کان کی نالیوں سے مشابہت رکھتا ہے، جو ٹرانسپلانٹیشن کے عمل میں مددگار ثابت ہوتا ہے،بعد ازاں چینی سرجنز کی ایک بڑی ٹیم نے تقریباً 10 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران خاتون کے کان کو پیر سے کامیابی کے ساتھ جوڑ دیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق سرجری کے بعد ابتدائی دن نہایت تشویشناک تھے تاہم خون کی روانی بہتر ہونے کے بعد کان کی جلد کی رنگت نارمل ہونے لگی، جس سے سرجری کی کامیابی کی تصدیق ہوئی،اس عرصے کے دوران خاتون نے باہر جانے کیلئے ڈھیلے جوتے استعمال کیے، اور تیز قدموں سے واک بھی جاری رکھی تاکہ خون کا بہاؤ تیزی سے رواں رہے،بالآخر 5 ماہ بعد اکتوبر میں سرجنز کی ایک ٹیم نے خاتون کا بایان کان اس کی اصل جگہ پر لگا دیا۔ اگرچہ یہ مرحلہ بھی انتہائی نازک اور پیچیدہ رہا، تاہم ڈاکٹرز اس سرجری کو کرنے میں کامیاب رہے۔








