ٹوکیو: جاپان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سائنس کارپوریشن نے انسانی واشنگ مشین متعارف کرا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سردیوں کے موسم میں نہانے سے جھجھک اور سستی محسوس کرنے والوں کے لیے یہ مشین کسی نعمت سے کم نہیں، اس جدید مشین میں انسان کو ایک گرم اور آرام دہ ماحول میں بند کر دیا جاتا ہے جہاں مشینی نظام خودکار طریقے سے جسم پر پانی ڈالتا، صابن لگاتا اور میل کچیل صاف کرتا ہے اس دوران انسان کو انگلی تک ہلانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

کمپنی کے مطابق یہ انسانی واشنگ مشین نہ صرف جسم کو صاف کرتی ہے بلکہ نہانے کے دوران انسان کے من پسند گانے بھی سناتی ہے جس سے یہ عمل مزید خوشگوار ہو جاتا ہےیہ مشین صرف 15 منٹ میں انسان کو صاف ستھرا اور تروتازہ کر کے باہر نکال دیتی ہے جاپان کے متعدد ہوٹلوں اور حماموں میں یہ انوکھی انسانی واشنگ مشین نصب کی جا چکی ہے جہاں صارفین اسے بے حد پسند کر رہے ہیں۔

سائنس کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مشین انسان کو نہ صرف جسمانی بلکہ روحانی طور پر بھی پاکیزگی کا احساس دلاتی ہے، اور مستقبل میں اسے مزید بہتر فیچرز کے ساتھ عام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔

Shares: