بنگلا دیش میں ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں سینیئر صحافی انیس عالمگیر کو گرفتار کرلیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی پولیس نے پیر کو بتایا کہ انہوں نے سینیئر صحافی انیس عالمگیر کو مبینہ طور پر ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا ہے،صحافی پر سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی کالعدم جماعت کی تشہیر کا بھی الزام ہے۔
انیس عالمگیر کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3 دیگر افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹاک شوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے پروپیگنڈا پھیلایا اور عوامی لیگ کی بحالی کی سازش کی۔
واضح رہے کہ بنگلادیشی عبوری حکومت نے مئی میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم کے تحت شیخ حسینہ کی عوامی لیگ پر پابندی عائد کی تھی، بنگلا دیش میں میڈیا کی آزادی طویل عرصے سے خطرات کا شکار رہی ہے اور شیخ حسینہ کے دورِ اقتدار کو جنوبی ایشیائی ملک میں میڈیا آزادی کے بدترین ادوار میں شمار کیا جاتا ہے،رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق بنگلادیش 2025 میں پریس فریڈم کی عالمی درجہ بندی میں 180 ممالک میں 149ویں نمبر پر ہے۔








