میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کے گاؤں خدا بخش لغاری میں انتظامی، سرکاری اور سیاسی ناکامی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ گاؤں، جو یو سی جروار کے قریب واقع ہے، برسوں سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جس پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ، یو سی جروار، متعلقہ سرکاری محکموں اور سیاسی نمائندوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔

مقامی آبادی کے مطابق گاؤں میں پینے کا صاف پانی، صحت کی سہولیات، معیاری تعلیمی ادارے، سڑکیں، نکاسی آب اور صفائی کا کوئی مؤثر انتظام موجود نہیں۔ بنیادی صحت مرکز نہ ہونے کے باعث مریض بروقت علاج سے محروم ہیں جبکہ خواتین اور بچے پانی کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری اسکول خستہ حالت کا شکار ہیں اور اساتذہ و سہولیات کی کمی سے بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔

گاؤں میں ٹوٹی سڑکیں، ناکارہ نکاسی آب اور کچرے کے ڈھیر انتظامی غفلت کا واضح ثبوت ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر انتخاب میں ترقی کے وعدے کیے جاتے ہیں مگر بعد ازاں گاؤں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے، جبکہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر بھی شفافیت نظر نہیں آتی۔

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی گاؤں کا فوری دورہ کریں، اسسٹنٹ کمشنر جروار تفصیلی رپورٹ تیار کریں، صحت و تعلیم کے محکمے فوری سہولیات فراہم کریں، صاف پانی کی مستقل اسکیم شروع کی جائے اور سڑکوں، صفائی و نکاسی آب کے منصوبے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ماضی کے ترقیاتی فنڈز کا شفاف آڈٹ کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

مقامی لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج اور قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور سیاسی نمائندوں پر عائد ہوگی۔

Shares: