نیویارک: ایلون مسک دنیا کے پہلے شخص جن کی مجموعی دولت 600 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں غیر معمولی اضافہ اسپیس ایکس کےکچھ ملازمین اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کی وجہ سے ہوا، جس کی بنیاد پر کمپنی کی مالیت کا اندازہ بڑھایا گیا، جس کے نتیجے میں ایلون مسک کے حصص کی قدر نمایاں طور پر بڑھ گئی،اسپیس ایکس کی مجموعی قدر تقریباً 800 ارب ڈالر لگائی گئی ہے اور چونکہ ایلون مسک کمپنی کے تقریباً 40 فیصد حصص کے مالک ہیں اس لیے ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 677 ارب ڈالر لگایا جا رہا ہے۔

ایلون مسک کی دولت کا بڑا حصہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس میں ان کے حصص سے جڑا ہوا ہے، ٹیسلا کے شیئرز رواں برس اب تک 13 فیصد بڑھ چکے ہیں، اور پیر کو تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا جب مسک نے اعلان کیا کہ کمپنی روبوٹک گاڑیوں کی آزمائش کر رہی ہے جن میں اگلی نشست پر سکیورٹی نگرانی کے لیے اسکرین موجود نہیں ہو گی،نومبر میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کے لیے ایک ٹریلین ڈالر مالیت کا معاوضہ پیکیج بھی منظور کیا۔ جسے کارپوریٹ تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بلومبرگ نے ’ورلڈز رچسٹ فیملیز 2025‘ کے عنوان سے دنیا کے 25 امیر ترین خاندانوں کی فہرست جاری کردی۔

اس فہرست کے مطابق دنیا کے 25 امیر ترین خاندانوں کی دولت میں گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 358.7 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور اب ان خاندانوں کی مجموعی دولت اب 2.9 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی ہےرپورٹ میں عرب دنیا کے 3 بااثر اور دولت مند خاندانوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن میں متحدہ عرب امارات کا ال نہیان خاندان، سعودی عرب کا آل سعود خاندان اور قطر کا آل ثانی خاندان شامل ہے۔

بلومبرگ کے مطابق ابوظبی کے حکمران آل نہیان خاندان کو دنیا کا دوسرا امیر ترین خاندان قرار دیا گیا ہے جن کی مجموعی دولت کا تخمینہ 335.9 ارب ڈالر لگایا گیا ہے،سعودی عرب کے شاہی آل سعود خاندان کو اس فہرست میں تیسرا نمبر دیا گیا ہے جن کی مجموعی دولت 213.6 ارب ڈالر بتائی گئی ہے،اسی طرح قطر پر حکمرانی کرنے والا آل ثانی خاندان بلومبرگ کی 2025 کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے جس کی مجموعی دولت کا اندازہ 199.5 ارب ڈالر لگایا گیا ہےفہرست میں معروف ریٹیل اسٹور چین والمارٹ کے مالک امریکا کے والٹن خاندان کو دنیا کا امیر ترین خاندان قرار دیا گیا ہے اور ان کی دولت کا تخمینہ 513.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

Shares: