پاکستان کرکٹ کے عظیم بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد کو دل میں تکلیف کے باعث کراچی کے معروف قومی ادارہ امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید میانداد کو دل میں درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا۔ این آئی سی وی ڈی پہنچنے کے بعد ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کے مختلف ٹیسٹ کیے، جن میں اینجیوگرافی بھی شامل تھی۔ طبی رپورٹس کے تفصیلی جائزے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا اور اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد کی حالت تسلی بخش ہے اور دل کے حوالے سے کسی تشویشناک مسئلے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ تمام ٹیسٹ رپورٹس نارمل آنے کے بعد انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
دوسری جانب جاوید میانداد نے این آئی سی وی ڈی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کے رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اسپتال سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو پہلے سے کہیں بہتر محسوس کر رہے ہیں،جاوید میانداد نے کہا،”اللہ کا شکر ہے میں اب بہت بہتر ہوں، قوم کی دعائیں میرے ساتھ رہیں تو صحت میں مزید بہتری آئے گی۔”








