اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او اوکاڑہ کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ راوی کی پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے دو اہم کارندوں محمد اشرف عرف تکلی اور ممتاز کو دھر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے مال مسروقہ میں 2 لاکھ روپے نقد رقم، 2 موٹر سائیکلیں اور 2 موبائل فون شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 5 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد 30 بور پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے تھانہ راوی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر وارداتوں کے سراغ اور مزید ریکوری کی قوی امید ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Shares: