لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ میں گڑھے میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے فوری تبادلے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ 3 گھنٹے طویل ویڈیو لنک کانفرنس کی، جس میں انتظامی امور، عوامی تحفظ اور شہروں کی بہتری سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے،ویڈیو کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ نے لیہ میں سیوریج کے گڑھے میں گر کر بچے کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لیہ کے فوری تبادلے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے اے سی لیہ کو اجلاس میں بیٹھنے کی بھی اجازت نہیں دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختلف اضلاع کے کمشنرز کی ناقص کارکردگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام افسران کی کارکردگی کو کے پی آئیز کے معیار پر جانچنے کا حکم دیا انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت اسٹاف اور افسران کے لیے واضح کے پی آئیز مقرر کریں۔
مریم نواز نے مین ہول میں گرنے اور کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملتان، حافظ آباد اور بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنرز سے باز پرس کی انہوں نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات ہونے سے پہلے ہی افسران کو بروقت کارروائی کرنی چاہیے،کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کھلے مین ہولز اور سیوریج کے گڑھوں کی مرمت کیا افسران کی ذمہ داری نہیں؟ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کسی سیاسی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر گڈ گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے،اجلاس میں وزیراعلیٰ نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 3 ہزار 607 قبضہ کیسز کے فوری فیصلوں پر افسران کو شاباش دی۔ انہوں نے قبضہ کیسز میں اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مزید بااختیار بنانے کا بھی حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام بازاروں اور مارکیٹوں کو منظور شدہ ڈیزائن پکچرز کے مطابق خوبصورت بنانے کا حکم دیتے ہوئے بیوٹیفکیشن پلان کی فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کر دی،مریم نواز نے شہریوں کی آسانی اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سڑک کے ساتھ فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا جبکہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے ہر شہر کی مارکیٹوں میں واضح اور یکساں سائن بورڈز نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بازاروں اور مارکیٹوں میں ہریالی بڑھانے اور خوشگوار ماحول پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوبصورت خریداری کے مراکز فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔








